دہشت گردی کے خاتمے کا مستقل حل کرپشن کا خاتمہ اور ہرسطح پراحتساب

Roznama Urdu

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ’پوری قوم کی حمایت سے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد امن و استحکام اُس وقت تک نہیں آ سکتا ہے جب تک ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کا خاتمہ نہ کیا جا سکے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کے فوج کے سربراہ کا بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پاناما پیرز کی افشا ہونے والی معلومات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے بچے بیرون ملک آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں۔

کوہاٹ میں سگنل کور کے افسران سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضربِ عضب میں سگنل کور کی خدمات کو سراہا۔

اس موقعے پر خطاب میں فوج کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے لیکن ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ بدعنوانی کو جڑ سے ختم کیا جائے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان کی سالمیت، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر سطح پر احتساب ضروری ہے اور پاکستان کی مسلح افواج اس سمت میں بامعنی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گی تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

پاناما لیکس سامنے آنے کے بعد پاکستان وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے خطاب میں اس معاملے کی جانچ پڑتال کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا جبکہ ملک کی سیاسی جماعتیں حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

پاناما لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو پارلیمان میں بھی مخالفت کا سامنا ہے۔

Comments