شوق کی انتہا اور وہ بھی مسلسل ٹی وی دیکھنے کے شوق کا عالمی ریکارڈ

Roznama Urdu

آسٹریا کے فراگوسو نامی نوجوان کو ٹی وی دیکھنے کا شوق تھا اور اس نے گزشتہ ماہ 92 گھنٹے تک مسلسل ٹی وی دیکھ کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے پہلے عالمی ریکارڈ کے تحت 90 گھنٹے تک ٹی وی دیکھا گیا تھا۔ ٹی وی دیکھنے کا مقابلہ ایک کمپنی سائبرلنک نے منعقد کیا تھا جس میں جمعے کے روز بہت سے افراد نے حصہ لیا لیکن ایک ایک کرکے تمام شریک افراد تھک کر جاتے رہے لیکن فراگوسو مسلسل ٹی وی دیکھتا رہا۔

نیویارک میں ہونے والے اس مقابلے میں فراگوسو نے کئی پروگرامز دیکھے اور اس توانائی کی وجہ میڈیٹرینین خوراک کو قرار دیا جس میں پودے ، پھلیاں، سبزیاں اور پھل کھائے جاتے ہیں۔ تاہم فراگوسو پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے موقع پر ڈاکٹر موجود تھے جو اس کے دل کی دھڑکن، ذہنی صحت اور بلڈ پریشر نوٹ کررہے تھے۔ 92 گھنٹے کے بعد اس نے مقابلہ تو جیت لیا لیکن دل کی تیز دھڑکن اور عجیب و غریب ذہنی احساسات کی شکایت کی۔

ڈاکٹروں کے مطابق اتنی دیر تک ٹی وی دیکھنے سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ سال 2014ء میں برازیل کے ورلڈ کپ فٹبال کو چین میں دیکھنے کے دوران کئی افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ برازیل اور چین میں وقت کا فرق بہت تھا اور لوگوں کو مقابلہ دیکھنے کےلئے مسلسل کئی گھنٹوں تک جاگنا پڑا تھا جس سے فالج اور ہارٹ اٹیک سے کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Comments